اسلام آباد: نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ دو روزہ دورے پر کویت پہنچ گئے۔
ایوان وزیراعظم کے مطابق کویت پہنچنے پر کویت کے وزیرِ بجلی، پانی و قابل تجدید توانائی ڈاکٹر جاسم محمد عبداللہ الاستاد نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے کویت میں سفیر ملک محمد فاروق اور دونوں ممالک کے اعلی سفارتی اہلکار بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم ولی عہد کویت شيخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیرِ اعظم شيخ احمد النواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔
نگراں وزیرِ اعظم کا دورہ کویت دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس میں افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات و کان کنی، غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔