دوحہ: جرمنی کے صدر کو قطر لے جانے والا طیارے کے وقت سے پہلے منزل مقصود پر پہنچنے پر ان کے استقبال کا پروگرام بے نظمی کا شکار ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹینمیئر کو قطر ایئرپورٹ پر اپنے استقبال کے لیے آنے والے میزبانوں کا طویل انتظار کرنا پڑ گیا۔ وہ طیارے کے دروازے پر کھڑے ہو کر آدھے گھنٹے تک انتظار کرتے رہے۔
قطر ایئرپورٹ پر جرمنی کے صدر کے استقبال کے لیے طیارے کی لینڈنگ کی جگہ پر ریڈ کارپٹ بھی رکھا ہوا تھا، گارڈ آف آنرز دینے والے فوجی بھی تھے اور تمام انتظامات مکمل تھے لیکن قطری حکام موجود نہ تھے۔
صدر فرینک والٹر اسٹینمیئر وقت سے آدھے گھنٹے قبل ہی پہنچ گئے تھے اس لیے میزبان موجود نہیں تھے تاہم کچھ وقت انتظار کے بعد حکام بھی آگئے اور اس بے نظمی پر معذرت کی۔
جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹینمیئر غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے والے جرمن شہریوں کی رہائی کے لیے قطر پہنچے ہیں جو اب بھی حماس کی قید میں ہیں۔