لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، دہشت گردی کو ختم کرنے اور معیشت کو ترقی دینے والا نواز شریف وطن واپس آرہا ہے۔
سانگھڑ میں منعقدہ جلسہ عام سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ معیشت تباہ کرنے والے، مہنگائی لانے والے چلے گئے، اب معیشت کو ترقی اور مہنگائی سے نجات دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت پورے پاکستان کی ترقی کی ضمانت نوازشریف ہے، سندھ سمیت پاکستان بھر کے عوام نوازشریف کو ووٹ دیں، امن ترقی اور خوش حالی دیں گے، سندھ کے عوام جمہوریت پسند ہیں، پنجاب کی طرح سندھ کو بھی ترقی کا تحفہ دیں گے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ میں وعدہ کرتی ہوں کہ آپ کی ایک کال اور ایک پیغام پر آپ کے پاس حاضر ہوں گی، سندھ سمیت پورے پاکستان کے ورکرز ہمارے بزرگ، بھائی اور بیٹے اور بیٹیاں ہیں، ورکرز کی عزت مسلم لیگ (ن) کی روایت اور امتیاز ہے، آپ کی عزت میری عزت ہے۔