بھارتی شہر بینگلورو میں گزشتہ روز سے گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر بھر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی فتح کے بعد سب کی نظریں 9 نومبر کے میچ پر ہیں۔ جمعرات کو بینگلورو میں ٹورنامنٹ کا اہم میچ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانا ہے۔
سری لنکا کی شکست کی صورت میں نیوزی لینڈ ورلڈکپ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گا جبکہ سری لنکا جیتا تو پاکستان کے کوالیفائی کرنے کے امکانات کئی فیصد بڑھ جائیں گے۔ میچ واش آؤٹ ہونے کی صورت میں بھی نیوزی لینڈ ٹیم مشکل میں رہے گی۔
بھارت میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بینگلورو میں طوفانی بارش ہوئی جس کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ آج اور کل بھی بھارتی شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
9 نومبر کی بات کی جائے تو جمعرات کو بینگلورو کے چنسوامی اسٹیڈیم میں 85 فیصد بارش کا امکان ہے۔ میچ کے دوران بارش کے امکانات مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔