لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان کا جواب دے دیا۔
رہنما (ن) لیگ خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نہ ہی چھیڑیں تو بہتر ہے۔ آپ نے سوال اٹھایا ہے تو جواب بھی سن لیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ میرے خاندان یا میں نے کبھی منہ نہیں چھپایا اور نہ ہی انگریز، ایوب خان اور یحیٰی خان کی کاسہ لیسی کی۔ ہم نے گزشتہ 80 برس میں خضر حیات ٹوانہ سے لے کر قمر جاوید باجوہ تک سب کی جیلیں بھگتی ہیں
(ن) لیگ کے رہنما نے مزید کہا کہ میرے والد نے بھٹو مرحوم کی سول آمریت میں جان دی۔ ضیآ آمریت میں مجھے 3 بار جیل جانا پڑا۔ مشرف آمریت سے لڑے، جیلیں کاٹیں اور جسمانی تشدد سہا۔ عمران خان، قمر باجوہ اور ثاقب نثار کا نقاب پوش مارشل لأ بھی بھگتایا۔ بطور وزیر اپنے کام پر ضمیر مطمئن ہے۔