میڈرڈ: اسپین کی وزیر برائے سماجی حقوق آئیون بیلارے نے غزہ میں عالمی رہنماؤں کے دہرے رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کے حملے کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہو گئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہسپانوی وزیر برائے سماجی حقوق آئیون بیلارے نے الجزیرہ کو انٹرویو میں عالمی برادری سے اسرائیل پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرے۔
اسپین کی وزیر برائے سماجی حقوق نے غزہ پر عالمی رہنماؤں کے دہرے معیار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرنے والے اسرائیل کی غزہ پر بمباری اور ہلاکتوں پر گونگے بہرے ہوگئے۔
آئیون بیلارے نے مزید کہا کہ غزہ میں ہزاروں بچوں کی موت پر غمزدہ مائیں شدت سے چیخ چیخ کر اپنے بچوں کے قتل کی گواہی دے رہی ہیں لیکن اب بھی بہت سارے ممالک اور رہنما خاموش ہیں۔
اسپین کی وزیر نے یورپی یونین کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی تنظیمیں، کمیشنز اور یونینز جو غزہ کے معاملے میں بہت کچھ کر سکتے ہیں نے چپ سادھے رکھی ہے۔ یورپی کمیشن بھی منافقت کا مظاہرہ کررہا ہے۔
وزیر برائے سمجای حقوق نے ایک بار پھر اپنے مطالبے پر اصرار کرتے ہوئے کہا کہ اسپین اور دیگر ممالک کو اسرائیل کے غزہ پر حملے کے خلاف احتجاجاً اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کردیں۔