تل ابیب: وحشیانہ بمباری اور ضروریات زندگی کی اشیا کی فراہمی میں بندش کے شکار، موت کے شکنجے میں جکڑے بے بس فلسطینی بچوں اور خواتین کا اسرائیلی ٹک ٹاکرز نے اپنی ویڈیوز میں مذاق اڑا کر اپنی ذہنی پستی اور نفرت انگیزی کا پتا دیا۔
الجزیرہ نیوز کے مطابق ایک طرف غزہ میں خون میں نہائے فلسطینی بچے ہیں اور خواتین کی ادھڑی ہوئی لاشیں ملبے تلے دبی ہیں تو دوسری جانب اسرائیلی ٹک ٹاکر زندگی کی تمام تر عیاشیوں اور تن آسانیوں سے شادماں ہوکر ان کا تمسخر اُڑا رہے ہیں۔
سفاک دل اسرائیلی ٹک ٹاکرز نے فلسطینی خواتین کی آہ و بکا اور خوف زدہ بچوں کی چیخ و پکار پر میمز بنائیں اور انھیں سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ڈالیں۔ کمنٹس میں اُن جیسے ہی بدفطرت لوگوں نے قہقہے لگائے۔
میمز میں ظاہر کیا گیا کہ فلسطینی خواتین کی آہ و بکا ڈھونگ ہے اور بچوں کا بلکنا ڈراما ہے۔ ٹک ٹاکرز نے ایسی ویڈیوز بنائیں جس میں فلسطینی خواتین کا روپ دھارا اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ایسے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
احساس اور عقل و شعور سے عاری اسرائیلی ٹک ٹاکرز نے غزہ پر بمباری میں 7 ہزار سے زائد ہلاکتوں کو بھی جھوٹ قرار دیا۔