اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ جنگ کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہر کوئی غزہ میں زمینی آپریشن کی بات کر رہا ہے، یہ کچھ الگ بھی ہو سکتا ہے۔
ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق اس مرحلے پر غزہ میں انسانی بنیادوں پر کوئی سیز فائر نہیں ہوا، یرغمالیوں سے متعلق حماس کی ویڈیو نفسیاتی جنگ کا حصہ ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں فلسطین کے لیے اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کا انتباہ سامنے آیا ہے۔
یو این آر ڈبلیو اے کے مطابق غزہ کے اسپتالوں میں ممکنہ طور پر مزید صرف 24 گھنٹے تک کا ایندھن بچا ہے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 2 ہزار 900 ہو گئی ہے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں میں 64 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔
اسرائیلی بمباری سے 856 بچے اور 936 خواتین شہید ہو چکی ہیں۔