صنعا: بحیرۂ احمر میں امریکا کے بحری جہاز پر مبینہ طور پر حوثی باغیوں نے میزائل حملہ کیا جس سے جہاز کو نقصان پہنچا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کا ایم ایس سی یونائیٹڈ بحری جہاز سعودی عرب کی کنگ عبداللہ بندرگاہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوا تھا۔ جسے بحیرۂ احمر پر نشانہ بنایا گیا۔
شپنگ کمپنی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں۔ جہاز اپنی منزل کی جانب سفر جاری رکھے گا۔ سفر اور عملے کی حفاظت کے لیے سعودی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
اس حوالے سے سعودی حکومت نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی امریکا کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے آیا ہے۔
یاد رہے کہ یمن میں حوثی جنگجوؤں اور سعودی عرب اور اتحادی افواج کے درمیان 2014 سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران یمن سے سعودیہ میں میزائل حملے بھی کیے گئے۔
حوثی باغی بحیرہ احمر میں بھی امریکا، اسرائیل اور دیگر مغربی ممالک کے بحری جہازوں کو نشانہ بناتے آئے ہیں تاہم 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعد سے ان حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔