سعودی عرب میں پاکستانیوں کیلئے نوکریوں کے معاملے پرمزید پیشرفت ہوئی ہے اوراب فنی مہارت کی تربیت اورٹیسٹ پاکستان میں ہی ہوگا، پاس کرنے پرفوری ویزہ ملے گا۔
سعودی عرب نے 23 پیشہ وارانہ مہارتوں کیلئے پاکستان میں تربیتی مراکز کا جال بچھانے کافیصلہ کیا ہے جس کے تحت پاکستان میں فنی مہارت کے جدید مراکزکی تعداد 26 سے بڑھاکر 123 کی جائے گی۔
نئے تربیتی مراکزنیوٹیک کے اشتراک سے چاروں صوبوں کے چھوٹے بڑے شہروں میں کھولے جائیں گے،تربیتی مراکزکی تعداد میں اضافہ سے ہرسال 6 لاکھ ہنر مند اپنے ملک میں تربیت مکمل کرسکیں گے۔
سعودی ورک ویزہ تربیتی کورس اورسعودی ٹیسٹنگ کمپنی ”تاکامول“کے ٹیسٹ سے مشروط ہوگا،ٹیسٹنگ کمپنی”تاکامول“سے پاکستان میں تربیتی مرکز کے قیام سے متعلق معاملات بھی طے پاگئے ہیں۔
”تاکامول“کی ٹیم تربیتی مرکز کے قیام کیلئے دسمبر میں پاکستان کا دورہ بھی کرے گی،پاکستانی لیبرکے اسکلز ویری فکیشن پروگرام اورڈیجیٹل پلیٹ فارمزکے تحت ٹیسٹ لئے جائیں گے۔