کینبرا: کینیڈا میں پاکستانی خاندان کے 4 افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار شخص کو مجرم قرار دے دیا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 12 رکنی جیوری نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ 22 سالہ ملزم نیتھینیل ویلٹمین نے جان بوجھ کر افضال فیملی کو قتل کیا۔
نیتھینیل ویلٹمین نے جون 2021 میں اونٹاریو کے شہر لندن میں لاہور سے تعلق رکھنے والے خاندان فزیو تھراپسٹ سلمان افضال کے خاندان کے 4 افراد کو ٹرک سے کچل دیا تھا۔ ملزم نے ٹرک سے کچل کر46 سالہ سلمان افضال، ان کی اہلیہ 44 سالہ مدیحہ سلمان ،15 سالہ بیٹی یومنہ اور74 سالہ والدہ طلعت افضال کو قتل کیا تھا۔ واقعے میں مقتول خاندان کا کمسن بیٹا زخمی بھی ہوا تھا۔
تقریباً 10 ہفتوں کے مقدمے میں جیوری کومعلوم ہوا کہ نیتھینیل ویلٹمین نے اپنے کمپیوٹر پر ’دہشت گردی کا منشور‘ لکھا تھا جس میں اس نے سفید فام قوم پرستی کی حمایت کی تھی اور مسلمانوں سے اپنی نفرت کو بیان کیا تھا۔