اسرائیلی فوج نے مہاجرین کے کیمپ پر چھاپے کے دوران 4 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 4 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طوباس میں فارعہ کے مہاجرین کیمپ پر چھاپہ مارا جس دوران فائرنگ سے 4 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں گھروں پر بھی حملے کیے جہاں شجاعیہ اور دیگر علاقوں میں شیلنگ کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل جبالیہ اور نصیرت کے کیمپوں پر بھی حملے کیے گئے جس میں متعدد افراد شہید ہوگئے۔
امریکی وزیر دفاع اسرائیل پہنچ گئے
علاوہ ازیں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اسرائیل پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اسرائیلی حکومت کے ساتھ غزہ میں جاری فوجی آپریشن پر بات چیت کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر دفاع کا اسرائیل کا دورہ عالمی برادری کے دباؤ کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے جس میں اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملوں پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری بمباری کے نتیجے میں اب تک 18 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی شامل ہے۔