قاہرہ: مصر نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ تک امداد پہنچانے اور پناہ گزینوں کے سرحد عبور کرنے کا واحد ذریعہ ’’رفح کراسنگ‘‘ کو کھولنے پر اتفاق ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ اور مصر کی کوششوں کے باعث رفح کراسنگ بارڈر کھولنے کا فیصلہ ہوگیا جس کے بعد دنیا بھر سے آئی ہوئی امداد کے غزہ تک پہنچنے کی امید پیدا ہوگئی۔
اس حوالے سے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے امریکی ہم منصب جوبائیڈن سے گفتگو کی تھی جس میں رفح کراسنگ کھولنے پر اتفاق کرلیا گیا۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی وزیراعظم سے بھی بات کی تھی۔
رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ میں امداد سامان کی پائیدار ترسیل اقوام متحدہ کی نگرانی میں بین الاقوامی انسانی تنظیموں کے ساتھ مل کر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دنیا بھر سے آنے والا امدادی سامان رفح کراسنگ پر موجود ہے اور غزہ میں داخل ہونے کا منتظر ہے جسے اسرائیل نے بند کر رکھا تھا۔