چین کے شمالی علاقوں میں کورونا کے بعد اب نمونیا کی پُراسرار قسم کی بیماری پھیلنے لگی، بیجنگ کے اسکولز میں نمونیا کے کیسز سامنے آنے لگے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق رواں سال موسم سرما میں نمونیا کے تیزی سے پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس پراسرار سانس کی بیماری کے پھیلاؤ کے بعد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے تفصیلات طلب کرتے ہوئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 13 نومبر کو چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اس بیماری کے پھیلاؤ کی اطلاع دی تھی۔ 19 نومبر کو آن لائن میڈیکل کمیونٹی پروگرام فار مانیٹرنگ ایمرجنگ ڈیزیزز نے بھی کئی بچوں میں اس قسم کی اطلاع دی گئی جس کی ڈاکٹرز شناخت نہیں کرسکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیجنگ اور لیاوننگ شہر کے کئی افراد میں یہ انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ شہر کے ایک بڑے اسپتال نے بتایا ہے کہ اوسطاً روزانہ ایمرجنسی روم میں ایک جیسی علامات میں مبتلا ہونے والے تقریباً 1200 مریض علاج کیلئے لائے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ 2019 میں چین میں ایسی ہی پراسرار بیماری تیزی سے پھیلنا شروع ہوئی تھی جسے بعد میں کووڈ-19 کا نام دیا گیا تھا۔