دمشق: حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں کونوکو گیس فیلڈ کے نزدیک امریکی فوجی اڈے پر راکٹ حملے میں 4 امریکی فوجی مارے گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کی مزاحمت پسند جماعت حزب اللہ کے حامی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوجی اڈے پر کم از کم 15 راکٹس داغے جس امریکی ہیڈکوارٹر میں تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔
حزب اللہ نے راکٹ حملے میں 4 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ امریکا کے المیادین شہر پر کیے گئے حملوں کا جواب ہے۔
تاہم امریکا کی جانب سے حزب اللہ کے اس راکٹ حملے میں اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کے دعوے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی البتہ اس سے قبل امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن حزب اللہ اور پاسداران انقلاب پر امریکی حملوں کی تصدیق کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ ایران کی حمایت یافتہ عسکری جماعت حزب اللہ لبنان میں کافی مضبوط ہے اور اسرائیل پر حملے میں حماس کی بھی مدد کی تھی جس پر اسرائیل اور امریکا حزب اللہ کے ٹھکانوں کو لبنان اور شام میں نشانہ بنا رہے ہیں۔