کوسٹا بلانکا: ہم میں سے کئی لوگوں کا یہ محض ایک خواب ہی ہوگا کہ ریستورانوں سے جتنے چاہیں مفت کھانے کھائیں تاہم ایک شخص نے اپنی مکاری سے 20 ریستورانوں کو چونا لگا کر مفت کھانا کھا لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین میں ایک لتھوانیا کے شہری کو ریستورانوں میں مبینہ طور پر بل کی ادائیگی سے بچنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
50 سالہ نامعلوم شخص نے ملک بھر کے 20 ریستورانوں میں ہارٹ اٹیک کا ڈرامہ رچا کر مفت کھانا کھایا جس پر سیکورٹی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
تاہم اس کی یہ چال اس وقت نظروں میں آگئی جب ایک ریستوران کے مالک نے اس شخص کی چالاکی کو بھانپ لیا اور اس کی تصویر دیگر مقامی ریستورانوں کو بھیج کر انہیں متنبہ کیا کہ وہ اس کے ہارٹ اٹیک کے ڈرامے سے ذرا بھی دھوکا نہ کھائیں۔