فلوریڈا: امریکا میں ایک نجی جزیرہ جو کبھی ایک امریکی سیریز میں دکھایا گیا تھا اب 25 لاکھ ڈالرز کی قیمت میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا میں پریٹی جو راک نامی جزیرہ جسے سی شیل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، میراتھن کے بالکل کنارے واقع ہے اور ویب سائٹ پرائیویٹ آئی لینڈز انکارپوریشن پر 25 لاکھ ڈالرز میں برائے فروخت ہے۔
ویب سائٹ میں جزیرے کی فروخت کی تشہیر ان الفاظ میں کی گئی ہے؛ ’یہ خوبصورت جزیرہ فلوریڈا میں ایک دلکش خطے کو اپنی ملکیت میں لینے کا غیر معمولی موقع فراہم کرتا ہے۔ خوابوں کے گھر کے طور پر خریدا جاسکتا ہے۔ یہ چھٹیاں گزارنے کیلئے بہترین مقام ہے جہاں کرائے پر گھر بھی دیے جاسکتے ہیں۔
اشتہار میں یہ بھی کہا گیا کہ یہاں ایک بالکل نیا فیملی گھر بنانے کے منصوبے جاری ہیں جہاں خلیج میکسیکو کے شاندار نظارے اور ناقابل یقین غروب آفتاب کا منظر بھی دیکھا جاسکے گا۔ مزید برآں جزیرہ بجلی اور شہر کے پانی کی فراہمی کی سہولت بھی رکھتا ہے۔