غزہ میں مسجد پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 50 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ کے علاقے سبرا میں مسجد پر اس پر بمباری کی جب نمازی عبادت میں مشغول تھے، مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔
صیہونی فورسزنے اردنی فیلڈ اسپتال پر بھی فضائی حملہ کیا جس میں 7 ارکان زخمی ہو گئے ، اس کے علاوہ غزہ کے الشفا اسپتال کے جنوبی داخلی راستے کے کچھ حصوں کو تباہ کر دیا، بیسمنٹ سمیت مختلف حصوں میں تلاشی کے دوران نہ یرغمالی ملے، نہ کسی سرنگ کا نشان ہاتھ لگا۔حماس نے الشفاء اسپتال سےاسلحہ برآمد کرنے کا اسرائیلی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کے ذمہ دار ہیں۔
ادھر اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے سربراہ مارٹن گریفتھس نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی بحران بدتر ہوتا جا رہا ہے، قتل عام فوری روکا جائے ، جبکہ یونیسیف کی سربراہ کیتھرین رسل نے کہا کہ غزہ کے دورے کے دوران خوفناک مناظر دیکھے ، اسرائیل فوری طور پر حملے روکے۔
دوسری جانب فرانس نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی فورسز اسپتالوں پر حملوں سے اجتناب کریں۔