سیئول: جنوبی کوریا میں اپوزیشن پارٹی کے رہنما چاقو کے حملے میں زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما لی جے میونگ ساحلی شہربوسان کے دورے پر تھے کہ ایک شخص نے ان کی گردن میں چاقو گھونپ دیا۔لی جنگ میونگ کو بے ہوشی کی حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی عمر 50 سے 60 سال کے درمیان ہے اوروہ آٹوگراف لینے کے بہانے اپوزیشن رہنما کے قریب آیا۔ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ں۔
لی جے کو ایک ترقیاتی منصوبے میں بطور میئر مبینہ طور پر رشوت لینے کے الزام میں مقدمے کا سامنا ہے جبکہ انہوں نے الزامات کو مسترد کیا ہے۔ لی جے میونگ اگست 2022 سے مرکزی اپوزیشن پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کے آئندہ پارلیمانی انتخابات رواں سال اپریل میں ہوں گے۔