واشنگٹن: فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف امریکی صدر جو بائیڈن انتظامیہ کے ملازمین بھی چپ نہ رہے اور انہوں نے وائٹ ہاؤس کے باہر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں، ایسے میں اب بائیڈن انتظامیہ کے ملازمین کی جانب سے بھی احتجاج کیا گیا جس میں محکمہ خارجہ کے مستعفی ڈائریکٹر جوش پال بھی شریک ہوئے جب کہ مظاہرین نے اپنی شناخت چھپارکھی تھی۔
اس کے علاوہ امریکی شہر لاس اینجلس میں مظاہرین نے ہائی وے بند کرکے غزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
فرانس میں وکلا کا احتجاج
دوسری جانب فرانس میں وکلا نے پیرس کی عدالت کے باہر احتجاج کرتے ہوئے فلسطین آزاد کرو کے نعرے لگائے گئے۔
ادھر اسپین میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے میڈرڈ کے سٹی ہال کے سامنے سیکڑوں جوتے رکھ کر احتجاج کیا اور اسرائیل کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ لندن میں بھی فلسطینی پرچم اٹھائے لوگوں نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا، یمن میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے خواتین نے ریلی نکالی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی افواج کی وحشیانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار 682 سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔