اسلام آباد: پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم میں افغانستان اور ہندوستان کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا، ہندوستان اور افغانستان نے پاکستان کے خلاف نفرت انگیز پالیسی کو ہوا دینے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لینا شروع کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق افغانستان کے ایماء پر المرصاد کے نام سے ایک سوشل میڈیا ہینڈل پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، المرصاد کا مقصد دنیا میں پاکستان کا منفی تاثر پھیلانا ہے، المرصاد کو ہندوستانی خفیہ ایجنسی را مالی تعاون فراہم کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت المرصاد کو 20 لاکھ افغانی روپے کا بجٹ مسلسل فراہم کرتی آرہی ہے، المرصاد اردو، پشتو، عربی اور انگریزی کے علاوہ متعدد زبانوں میں مواد نشر کرتا ہے۔ المرصاد کا حالیہ مشن پاکستان کے غیر قانونی افغانیوں کو ملک سے نکالنے کے فیصلے کو غلط ثابت کرتے ہوئے عالمی برادری سے ہمدردیاں بٹورنا ہے۔