بیت المقدس : غزہ پر اسرائیلی جارحیت 70ویں روز بھی جاری ہے، اسرائیل نے فضائی بمباری کرتے ہوئے انسانی قتل عام کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اسرائیلی بمباری میں 18 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق فلسطینی وزارت نے کہا ہے کہ خان یونس کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی اور ٹینکرز کی بمباری کے نتیجے میں 18 شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں، صہیونی فوجیوں نے خان یونس میں فلسطینیوں کو پناہ دینے والے اسکول حیفہ کی عمارت کو نشانہ بنایا ۔
اسرائیلی درندوں نے علی اصبح خان یونس کے علاقے میں فلیئر بم برسائے اور ٹینکروں کی مدد سے علاقے کی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچے شہید اور زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوجیوں نے خان یونس کے مغرب میں پناہ گزین کیمپ میں ابو نصر خاندان کے گھر پر اور مشرقی رفح کے علاقے تل السلطان میں بھی رہائشی عمارتوں پر بمباری کی ، جس کے نتیجے میں 2بچوں سمیت 9افراد شہید اور 15سے زائد زخمی ہوگئے ، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ناصر اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔
صہیونی فوجیوں نے مسلسل بمباری کرتے ہوئے جنوبی رفح میں کویتی اسپتال کے قریب رہائشی علاقے کی عمارتوں کو نشانہ بنایا ، جس میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کےلیے شہر کے قریبی اسپتال شہید ابو یوسف النجار اسپتال منتقل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں غزہ میں مواصلاتی اور انٹرنیٹ کا نظام تقریبا مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے،7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 19 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ 60 ہزار کے قریب فلسطینی زخمی ہیں، جس میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔