صدارتی انتخابات میں حکمران اتحاد نے معرکہ مار لیا،آصف علی زرداری دوسری بار بھاری اکثریت سے صدرپاکستان منتخب ہو گئے۔
نومنتخب صدرمملکت آصف علی زرداری 2008سے 2013تک صدارت کے منصب پرفائز رہ چکے ہیں۔
صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 10 بجے شروع ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہا، قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین نےاپنا ووٹ کاسٹ کیا۔پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی کی گئی۔
حکومتی اتحاد کی جانب سے آصف زرداری اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سےمحمود خان اچکزئی صدارتی امیدوار تھے۔
پارلیمنٹ کے نتائج
حکمران اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری کو پارلیمنٹ سے 255سے زائد جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود اچکزئی کو 119سے زائد ووٹ ملے ۔
ارکان قومی ا سمبلی اور سینیٹرز نے مشترکہ طورپرقومی اسمبلی کے ایوان میں ووٹ کاسٹ کئے پہلا ووٹ پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ نے کاسٹ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف،صدر ن لیگ نوازشریف، صدارتی امیدوار آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور اسحاق ڈار نے بھی ووٹ کاسٹ کیے۔
صدارتی الیکشن میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کیلئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور سینیٹر شیری رحمان کو آصف علی زرداری کی پولنگ ایجنٹ مقرر کیا گیاتھا جبکہ سینیٹر شفیق ترین محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ تھے۔
پنجاب اسمبلی کے نتائج
پنجاب اسمبلی سے حکومتی اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے جیت گئے۔پنجاب اسمبلی کا ایوان جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔آصف علی زرداری نے پنجاب اسمبلی سے246 الیکٹرول کالج کے ووٹ جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے 100ووٹ حاصل کئے۔6 ووٹ مسترد ہوئے۔
صدارتی انتخاب کیلئےالیکٹرول کالج کے مروجہ فارمولے کے تحت پنجاب اسمبلی پولنگ اسٹیشن کے نتائج کے مطابق حکومتی اتحاد کے آصف علی زرداری نے 43.157 ،سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی نے 17.54 ووٹ حاصل کئے۔
پنجاب اسمبلی میں کل 353 ممبران میں سے 352نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔تحریک لبیک نے پنجاب اسمبلی میں صدارتی الیکشن میں ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
پنجاب اسمبلی میں الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی نے بطور پریذائیڈنگ افسر نتائج کا اعلان کیا ۔
بلوچستان اسمبلی کےنتائج
بلوچستان اسمبلی سے حکمران اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے 47جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار نے کوئی ووٹ حاصل نہیں کیا۔
پریذائیڈنگ آفیسرز چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے نتائج کااعلان کیا ۔
بلوچستان اسمبلی میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے پریذائیڈنگ افسر کے فرائض سرانجام دیئے۔
خیبرپختونخوااسمبلی کےنتائج
خیبرپختونخوا اسمبلی سے سنی اتحاد کونسل کے امیدوارمحمود خان اچکزئی نے 91الیکٹورل ووٹ جبکہ حکمران اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے 17ووٹ حاصل کئے۔
خیبر پختونخوااسمبلی میں 109ارکان نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جس میں سے1ووٹ مسترد ہوا.
خیبرپختونخوا اسمبلی کیلئے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد ابراہیم نے پریذائیڈنگ افسر کے فرائض سرانجام دیئے۔
سندھ اسمبلی کےنتائج
سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کےصدارتی امیدوارآصف زرداری کو 151 ووٹ ملے،سنی اتحادکونسل کےامیدوارمحمودخان اچکزئی کو9ووٹ ملےجبکہ 1ووٹ مستردہوا۔