غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں وہ 12 سالہ فلسطینی یوٹیوبر عونی الدوس بھی شہید ہوگیا ہے جو یوٹیوب پر ایک لاکھ سبسکرائبرز مکمل ہونے کا خواب سجائے ہوا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے حملے میں شہید ہونے والے یوٹیوبر عونی الدوس کی شہادت کی اطلاع فلسطینی رضاکاروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی۔
عونی الدوس نے غزہ پر اسرائیلی حملوں سے کچھ عرصہ قبل ہی یوٹیوب پر اپنا چینل بنایا تھا، وہ اپنے چینل پر “گیمنگ ویڈیوز” اپ لوڈ کرتے تھے اور اُن کا خواب تھا کہ وہ ایک مشہور اور کامیاب انسان بنیں۔
کمسن یوٹیوبر کا خواب تھا کہ اُن کے چینل پر ایک لاکھ سبسکرائبرز ہوجائیں لیکن اسرائیلی فوج نے عونی الدوس کو شہید کرکے اُن کا خواب بھی چھین لیا۔
عونی الدوس سمیت اُن کے تمام گھر والے بھی اسرائیلی فوج کے حملے میں شہید ہوگئے۔
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے۔ بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت مزید 19 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے۔
غزہ پر اسرائیلی کی بمباری سے شہید ہونے والوں کی تعداد 4137 ہو گئی ہے جبکہ حماس کے حملوں میں اب تک 1400 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔ اسرائیل نے القدس اسپتال خالی کرنے کی وارننگ جاری کردی۔