بھارت کی ائیر فورس کا طیارہ پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے نے ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں انڈین ایئرفورس اکیڈمی سے معمول کی تربیتی پرواز کے لیے اڑان بھری تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
طیارہ کا رابطہ منقطع ہونے کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا گیا جس کے دوران طیارے کا ملبہ ایک میدانی علاقے سے مل گیا۔ طیارہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔
ریسکیو ٹیم نے امدادی کاموں کے دوران طیارے کے ملبے سے دونوں پائلٹس کی لاشیں نکال کر ملٹری ہسپتال منتقل کردیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک انسٹرکٹر اور دوسرا آن ٹرینی پائلٹ تھا۔
بھارتیہ فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔