نئی دہلی: تامل فلموں کی خوبرو اداکارہ رشمیکا مندانا نامناسب ڈیپ فیک (جعلی) ویڈیو کیس میں دہلی پولیس نے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے ملزم کا سُراغ لگا لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے رشمیکا مندانا ڈیپ فیک ویڈیو کیس میں ریاست بہار کے 19 سالہ نوجوان سے پوچھ گچھ کی ہے جو گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ نوجوان نے سب سے پہلے رشمیکا مندانا کی ڈیپ فیک ویڈیو کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کیا اور پھر بعد میں اس ویڈیو کو سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا۔
نوجوان نے پوچھ گچھ کے دوران دہلی پولیس کو بتایا کہ اُس نے رشمیکا مندانا کی ڈیپ فیک ویڈیو انسٹاگرام کے ایک اکاوْنٹ سے ڈاوْن لوڈ کی تھی۔
اس سلسلے میں پولیس آفیسر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ بہار کے رہنے والے نوجوان کو IFSO (انٹیلی جنس فیوژن اور اسٹریٹجک آپریشنز) یونٹ کے سامنے پیش ہونے اور وہ موبائل فون ساتھ لانے کو کہا گیا ہے جس کو ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا کی لفٹ میں نازیبا لباس پہنے داخل ہوتے ہوئے ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں نامناسب انداز میں کپڑے تبدیل کرتے ہو ئے دکھایا گیا تھا، جو ویڈیو زارا نامی خاتون کی تھی، رشمیکا مندانا نے جعلی ویڈیو کو ’ انتہائی خوف زدہ ‘ کرنے والا عمل قرار دیا تھا۔
رشمیکا مندانا کی ویڈیو وائرل ہونے کے دو روز بعد ہی بالی ووڈ کوئین کترینہ کیف کی بھی آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سے تیار کردہ نامناسب جعلی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
جعلی تصاویر اور ویڈیوز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ابھی بھارتی حکومت حرکت میں آئی ہی تھی کہ سارہ ٹنڈولکر اور بھارتی کرکٹر شبمن گِل کی بھی جعلی تصویر منظرِ عام پر آگئی تھی۔