انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ فائنل میں بھارت کی شکست کے بعد کرکٹ فیز نے میکسویل کی اہلیہ وینی رامن کو بھی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 19 نومبر کو کھیلے گئے ورلڈکپ فائنل میں کینگروز نے بھارتی سورماوں کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ آسٹریلیا نے اس طرح ون ڈے ورلڈکپ کا چھٹا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
بھارت کی شکست انکے کرکٹ شائقین کو برداشت نہ ہوئی اور انہوں نے میکسویل کی بھارتی نژاد اہلیہ وینی رامن پر بھی تنقید کی۔ بھارتی شائقین کی طرف سے وینی رامن کیخلاف آسٹریلیا کو سپورٹ پر غیر مناسب الفاظ کا استعمال کیا گیا۔
بعد ازاں وینی رامن نے انسٹاگرام پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘یہ سب کہنے کی ضرورت تو نہیں ہے لیکن بطور بھارتی اپنے اس ملک کو سپورٹ کرنا جس میں آپ پیدا ہوئے اور سب سے بڑھ کر اس ٹیم کو سپورٹ کرنا جس کیلئے آپ کے شوہر اور آپ کے بچوں کے والد کھیلتے ہیں آپ کا حق ہے۔’
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘غصہ کرنے کے بجائے پُرسکون رہیں اور اپنے غصے کا رخ دنیا کے دیگر اہم مسائل کی طرف موڑ دیں’۔