لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق اپنی بیسٹ فرینڈ ڈاکٹر انمول محمود کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے تو سابق کپتان بابر اعظم نے اپنے دوست کو اہم مشورہ دے دیا۔
گزشتہ روز (26 نومبر کو) لاہور میں امام الحق اور انمول محمود کے ولیمے کی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں سابق کپتان بابر اعظم سمیت دیگر قومی کرکٹرز نے بھی شرکت کی تھی۔
ولیمے کی تقریب کے بعد بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر امام الحق کے ہمراہ لی گئی اپنی تصویر پوسٹ کی۔
بابر اعظم نے اپنی پوسٹ میں امام الحق سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “زندگی کی نئی اننگز شروع کرنے کا وقت آگیا ہے، اس نئے سفر کے لیے میری دُعائیں آپ کے ساتھ ہیں، آپ کو دُنیا کی تمام خوشیاں ملیں”۔
اُنہوں نے امام الحق کو اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ “براہ کرم! اب اپنے دوستوں کے ساتھ بھی کچھ وقت گزارنے کی کوشش کریں، ہمیں بھول نہ جانا”۔
واضح رہے کہ انمول اور امام کے ولیمے کی تقریب میں سابق کپتان بابر اعظم، سرفراز احمد، مصباح الحق، چیف سلیکٹر وہاب ریاض، انضمام الحق، ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہین آفریدی، ٹیسٹ کپتان شان مسعود، حسن علی، عثمان قادر، عابد علی، کامران اکمل، سابق ڈائریکٹر پی سی بی ذاکر خان اور قومی ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر منصور رانا سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔
25 نومبر کو امام الحق اور انمول محمود نکاح کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس کی تصاویر اور ویڈیوز اس جوڑے نے اپنے سوشل میڈیا اکاوْنٹس پر پوسٹ کی تھیں۔