بھارت کے معروف فلم ڈائریکٹر آنجہانی یش چوپڑا نے ایک مرتبہ اداکارہ رانی مکھرجی کے والدین کو اپنے آفس کے کمرے میں بند کردیا تھا۔
اپنے سُسر کا یہ دلچسپ قصہ رانی نے خود بھارتی میڈیا کو ماضی میں سنایا تھا، یش چوپڑا نے سپر ہٹ فلم ‘ساتھیا’ میں کام کرنے سے انکار پر اداکارہ کے والدین کو ہی کمرے میں بند کردیا تھا۔
رانی مکھرجی نے بتایا کہ یش چوپڑا نے مجھے ‘ساتھیا’ میں کام کرنے کی پیشکش کی جسے میں نے کرنے سے منع کردیا اور یہ پیغام میں نے اپنے والدین رام مکھرجی اور کرشنا مکھرجی کے ذریعے ان تک پہنچایا۔
اداکارہ نے کہا جب میرے والدین یش جی کو یہ پیغام دینے گئے تو انہوں نے میرے ہی فائدے کے لیے والدین کو کمرے میں بند کردیا تاکہ مجھے راضی کرسکیں، یش چوپڑا نے کہا کہ وہ یہ فلم تب ہی بنائیں گے جب میں اس میں کام کرنے پر رضامند ہوں گی۔
رانی نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ 2002 میں جب فلم ‘مجھ سے دوستی کرو گی’ ریلیز ہوئی اور وہ نہ چل سکی تو اس کے بعد آنے والی ہر آفر کو میں مسترد کردیتی تھی، 8 ماہ تک میں نے کوئی کام نہیں کیا تھا، میں صرف گھر پر بیٹھی تھی اور میری والدہ کہتی تھیں کہ تم پاگل ہوچکی ہو۔
اداکارہ نے کہا اس وقت میگزینز میں بھی یہ سب آتا تھا کہ رانی کا کیرئیر ختم ہوگیا وغیرہ جس سے مجھے کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا خوش قسمتی سے میری زندگی میں ساتھیا آئی جسے میں نے کرنے سے انکار کیا، جب میرے والدین یش چوپڑا کو بتانے گئے کہ رانی اس فلم میں دلچسپی نہیں رکھتی تو یش جی نے مجھے فون کیا اور کہا بیٹا ایسا نہیں کرو، اس پیشکش کو قبول کرلو ورنہ میں تمہارے والدین کو نہیں چھوڑوں گا، انہیں کمرے میں ہی رہنے دوں گا اور بند دروازہ نہیں کھولوں گا۔
رانی مکھرجی نے کہا میں یش چوپڑا کے اس اقدام کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ سے زبردستی یہ فلم کروائی۔
واضح رہے کہ یش چوپڑا نے رانی کے ساتھ بطور پروڈیوسر اور ڈائریکٹر چند فلموں میں کام کیا، انہوں نے ویر زارا میں ہدایت کاری کی۔
فلم ساز کا انتقال 13 اکتوبر 2012 کو ہوا، رانی نے ان کے بیٹے آدتیہ چوپڑا سے 2014 میں شادی کی، جوڑے کے ہاں 2015 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔