مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ شروع میں جماعتیں زیادہ حصہ لینے کی کوشش کرتی ہیں لیکن جب بیٹھ کر بات کی جاتی ہے تو موزوں امیدوار دیکھ کر فیصلہ کیا جاتا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا نشستوں کا کوئی کوٹہ نہیں ہوتا، ان تمام جماعتوں کا پیچھا پیپلز پارٹی نے بھی کیا لیکن بات نہیں بنی، اس لیے پیپلز پارٹی کی نظر میں یہ جماعتیں بری ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب احسن اقبال نے ظفر وال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں ترقی کی کوشش کی، ان کو سازش کے تحت ہٹا دیا گیا ، نواز شریف نے ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم کی ، ان کی کوششوں سے پاکستان کا امن بحال ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حکومت نے جھوٹا کیس بنا کر مجھے جیل میں ڈالا جو دوسروں کو چور ڈاکو کہتا تھا وہ 60 ارب کا ڈاکا ڈال کے چلا گیا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے اپنے امیدواروں کی فہرست تیار کر لی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسحاق خاکوانی، عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال پر مشتمل کمیٹی نے اپنے امیدواروں کی فہرست تیار کی ہے جو آج (ن) لیگ کی کمیٹی کو دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئی پی پی قومی اسمبلی کی 20 نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی فہرست مسلم لیگ (ن) کو دے گی جن میں سے 19 حلقوں کا تعلق پنجاب اور ایک کا کراچی سے ہے۔
چند روز قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں جماعتوں نے آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کمیٹیاں بھی تشکیل دی تھیں۔