پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچ سے قبل چار روزہ میچ میں کئی پہلوؤں پر غور کیا، کینبرا میں انتظامات سے بہت حیرانگی اور مایوسی ہوئی۔
محمد حفیظ نے پرتھ میں میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ کینبرا کی پچ بہت سلو تھی، ہمیں اب تک یہاں سب سے سلو پچ ملی ہے، بحیثیت ٹیم ہم تیاریوں سے بہت خوش ہیں، یہاں ٹیسٹ سیریز کے پہلے چیلنج کے لیے تیار ہیں، سب جانتے ہیں کہ کیا انتظامات تھے پچ کیسی تھی بار بار کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کے انتظامات کی توقع نہیں کر رہے تھے، ہو سکتا ہے کہ یہ ان کی حکمت عملی ہو لیکن ہم تیار ہیں، ہر ممکنہ طریقے سے خود کو بہترین تیار کرنے کی کوشش کی ہے، میں کوئی معذرت پیش نہیں کر رہا۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ہم یہاں آسٹریلیا کو ہرانے کے لیے آئے ہیں، یقین ہے کہ ہماری ٹیم بہت اچھی ہے، یہ ایک ٹیلنٹڈ ٹیم ہے، تمام کھلاڑی آسٹریلیا میں پرفارم کرنے کے لیے بے تاب ہیں، ابرار احمد کے علاوہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں۔
آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان ٹیم کو دھچکا
4 روزہ میچ: دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان کیخلاف پرائم منسٹر الیون کے 2 وکٹوں پر 149 رنز
ڈائریکٹر قومی ٹیم کے مطابق ابرار احمد ری ہیب کر رہے ہیں، امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے فٹ ہوں گے، نیتھن لائن بیت اچھے بولر ہیں وہ ہر جگہ اچھی بولنگ کرتے ہیں ہم نے بھی ان کے خلاف رنز کیے ہوئے ہیں۔
حفیظ نے مزید کہا کہ رضوان اور سرفراز احمد کو ایک ساتھ کھلانے کا آپشن موجود ہے، محمد رضوان ایک مکمل بیٹر ہیں، فیلڈر بھی بہت اچھے ہیں، ہم نے ابھی کچھ فائنل نہیں کیا جب فائنل کریں گے تو دیکھیں گے، شان مسعود میں بہترین کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ قائدانہ صلاحیتیں بھی ہیں، وہ شاندار طریقے سے ٹیم کو لے کر چل رہے ہیں، ان کا کھلاڑیوں کے ساتھ تعلق بہت اچھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایسا بالکل محسوس نہیں کر رہے کہ کپتان نیا ہے اور مینجمنٹ بھی نئی ہے، انتظار کر رہے ہیں کہ سیریز کی پہلی بال پھینکی جائے اور ہم اچھا پرفارم کرنا شروع کریں، مجھے بہت خوشی ہے کہ نوجوان باصلاحیت کھلاڑی اس ٹیم میں آ رہے ہیں، ہر کھلاڑی سو فیصد کوشش اور محنت کر رہا ہے، ہماری ٹیم میں کوئی سینئر جونیئر نہیں ہے۔