پشاور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب ملک مشکل میں ہے تو ہمیں سیاسی اختلافات کو بھلا کر ایک ہوکر چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
ہائی کورٹ بار میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں۔ دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، ہم سب کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا اور اس کا مقابلہ کوئی ایک جماعت نہیں کر سکتی۔ اگر ہم آپس میں لڑتے رہیں گے تو دشمن اس کا فائدہ اٹھاتا رہے گا۔جب ملک مشکل میں ہے تو ہمیں سیاسی اختلافات کو بھلا کر ایک ہوکر چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ خیبر پختون خوا کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والوں کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں۔ ہم نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا تھا اور دنیا تسلیم کررہی تھی کہ پاکستان نے دہشتگردی کے پر قابو پالیا ہے، لیکن پھر پارلیمان سے پوچھے بغیر سنگین دہشتگردی میں ملوث افراد کو جیل سے نکالا گیا۔ جب افغانستان میں حکومت تبدیل ہوئی تو پھر ان لوگوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے یہاں آنے دیا یا۔