ممبئی: بالی ووڈ اسٹار سنی دیول نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنی اُس ویڈیو کے پیچھے کی کہانی بتا دی جس کے حوالے سے کہا جارہا تھا کہ اداکار نے نشہ کیا ہوا ہے۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر سنی دیول کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ممبئی کی مصروف سڑک پر گھوم رہے تھے، ویڈیو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا جیسے اداکار نشے کی حالت میں ہوں۔
مذکورہ ویڈیو پر صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکار نے نشہ کیا ہوا ہے اور وہ اپنے ہوش و حواس میں نہیں ہیں، اسی لیے ایسی حالت میں سڑک پر گھوم رہے ہیں۔
سنی دیول نے سوال کیا کہ “اگر مجھے شراب نوشی کرنی ہی ہے تو کیا میں غیرمستحکم حالت میں سڑک پر آکر رکشے میں بیٹھ کر کروں گا؟”
اداکار نے مزید کہا کہ “سچ تو یہ ہے کہ میں شراب نوشی نہیں کرتا اور نہ کوئی دوسرا نشہ کرتا ہوں، وہ صرف فلم کی شوٹنگ تھی”۔
واضح رہے کہ رواں سال سنی دیول اور امیشا پٹیل کی سُپر ہٹ فلم “غدر 2″ ریلیز ہوئی تھی جس نے پوری دُنیا سے مجموعی طور پر 1000 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔
سنی دیول کو فلم کی بلاک بسٹر کامیابی کے بعد متعدد پروجیکٹ آفر ہوئے تھے، اب وہ اپنی نئی فلمیں ‘سفر’، ‘لاہور 1947′ اور ‘باپ’ کی شوٹنگ میں مصروف اور ریلیز کے منتظر ہیں۔