اگر ایک اسمارٹ فون دریا میں گر جائے تو پہلے تو اس کو ڈھونڈنا ہی آسان نہیں ہوتا اور اگر وہ کچھ گھنٹوں بعد مل بھی جائے تو بھی اس کے کام کرنے کا امکان نہیں ہوتا۔
تو اگر ایک فون دریا کی تہہ میں 3 ماہ تک رہے تو کوئی بھی یہ توقع نہیں کرسکتا کہ وہ دوبارہ کام کرے گا۔
مگر امریکا میں3 ماہ سے دریا میں ڈوبا ہوا فون باہر نکلنے پر کام کرنے لگا۔
جی ہاں واقعی شمالی کیلیفورنیا کے ایک شخص کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا جسے دریا سے آئی فون 12 ملا۔
یہ آئی پی 68 سرٹیفائیڈ واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنس آئی فون ہے، مگر اس طرح کے فونز پانی کی 6 میٹر گہرائی میں صرف 30 منٹ تک رہ سکتے ہیں، جس کے بعد وہ خراب ہو جاتے ہیں۔
مگر ایپل کی یہ ڈیوائس بہت زیادہ سخت جان ثابت ہوئی۔
ایپل انسائیڈر کی ایک رپورٹ کے مطابق 10 نومبر کو دریائے Stanislaus کی صفائی کے دوران لی (Lee) نامی شخص نے کچھ چٹانوں کے درمیان کائی میں ڈھکا آئی فون دریافت کیا۔
اس شخص نے آئی فون کو صاف کیا اور پھر چند دن تک اس کے خشک ہونے کا انتظار کیا۔
16 نومبر کو اس نے آئی فون کو چارج کیا تو وہ کام کرنے لگا۔
اس ڈیوائس پر کوئی پاس کوڈ (pass code) نہیں تھا تو اس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے معلوم ہوا کہ اس سے آخری ویڈیو 4 ستمبر کو اسی دریا کی بنائی گئی تھی۔
اس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ فون 3 ماہ سے دریا کی تہہ میں موجود تھا۔
ابھی تک یہ تو معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ آئی فون کس کا تھا مگر لی کی جانب سے ڈیوائس میں موجود کانٹیکٹس کے ذریعے مالک تک پہنچنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ آخر 3 ماہ تک دریا میں رہنے کے باوجود یہ آئی فون محفوظ کیسے رہا۔