قاہرہ: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ غزہ میں نئی جنگ بندی پر بات چیت کیلئے قاہرہ پہنچ گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں نئی جنگ بندی پر مذاکرات کیلئے قطر میں مقیم حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ منگل کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے جہاں اُن کے مصری انٹیلی جنس چیف عباس کامل ودیگر کے ساتھ مذاکرات طے ہیں۔
اسماعیل ہنیہ نے قاہرہ پہنچنے سے قبل دوحہ میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان سے بھی ملاقات کی جس میں غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک مزید مغویوں کی رہائی کیلئے غزہ میں حماس کے ساتھ ایک نئی عارضی جنگ بندی پر رضامند ہے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے ثالث کاروں کو تقریباً 30 سے 40 مغویوں کی رہائی کا منصوبہ پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً 20,000 افراد شہید اور 52,000 سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔