قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کی قسمت کا ستارہ میلبرن ٹیسٹ میں نہ چمک سکا۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنالیے ہیں، آسٹریلوی ٹیم 318 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔ قومی ٹیم کو آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 124 رنز درکار ہیں۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں بابراعظم ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے، انہوں نے 7 گیندوں کا سامنا کیا اور محض ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے، انہیں پیٹ کمنز نے اپنا شکار بنایا۔
بابراعظم کیلئے سال 2023 ٹیسٹ کرکٹ میں بلکل اچھا ثابت نہیں ہوا ہے، وہ 8 ٹیسٹ میچز کی اننگز میں ایک مرتبہ بھی 50 کا ہندسہ عبور نہیں کرسکے ہیں۔
ڈیبیو کے بعد یہ پہلی بار ہوا ہے کہ بابراعظم ایک سال میں ایک بھی نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے ہوں، ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سابق کپتان کو ایک موقع ضرور ملے گا۔
پاکستان نے رواں برس محض 5 ٹیسٹ میچز کھیلے، جس میں گرین شرٹس کا پہلا مقابلہ نیوزی لینڈ کیخلاف تھا، اس میں بابر دو اننگز میں 24 اور 27 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
جولائی 2023 میں، پاکستان نے 2 میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے سری لنکا کا دورہ کیا، سیریز پاکستان کے نام رہی لیکن بابراعظم کا بیٹ یہاں بھی خاموش رہا۔
انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 13 اور 24 رنز بنائے جبکہ دوسرے ٹیسٹ کے دوران ایک اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے 39 رنز کا حصہ ڈالا۔
اسی طرح دورہ آسٹریلیا کے دوران پرتھ ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں 21 اور 14 رنز بنائے تھے جبکہ میلبرن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں وہ صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔