ممبئی: بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن کی سابقہ اہلیہ سوزین خان اور اُن کے بوائے فرینڈ ارسلان گونی کا پاسپورٹ کے بغیر ایئرپورٹ آنے پر مذاق بن گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوزین خان اپنے بوائے فرینڈ ارسلان گونی کے ہمراہ ممبئی ایئرپورٹ پہنچیں جہاں سیکیورٹی اہلکاروں نے دونوں سے اُن کا پاسپورٹ مانگا تاکہ مکمل چیکنگ کے بعد ان دونوں کو ایئرپورٹ کے اندر جانے دیا جائے۔
سیکیورٹی اہلکار کی جانب سے پاسپورٹ مانگنے پر جب سوزین خان اور اُن کے بوائے فرینڈ نے اپنے بیگ چیک کیے تو وہاں اُن کے پاسپورٹ موجود نہیں تھے اور پھر دونوں کو یاد آیا کہ وہ اپنے پاسپورٹ گھر بھول آئے ہیں جس کے بعد سوزین خان اور ارسلان کو ایئرپورٹ کے اندر جانے سے روک دیا گیا۔
سوزین خان اور ارسلان شرمندہ ہوتے ہوئے وہاں سے اپنا سامان لیکر اپنی گاڑی میں واپس آگئے، یہ سارا منظر ایئرپورٹ پر موجود بھارتی میڈیا کے فوٹوگرافرز نے کیمرے میں ریکارڈ کرلیا۔
میڈیا کے فوٹوگرافرز کے سامنے سوزین خان اور ارسلان شرمندہ نظر آئے، اُنہوں نے میڈیا کو ویڈیو بنانے سے بھی روکا لیکن وہ ہنستے ہوئے دونوں کی ویڈیو بناتے رہے اور پھر یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوزین خان اور اُن کے بوائے فرینڈ کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مزاحیہ اور دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہریتھک روشن کی سابقہ اہلیہ سوزین خان بالی ووڈ کی مشہور انٹیریئر ڈیزائنرز میں سے ایک ہیں، ہریتھک اور سوزین نے دسمبر 2000 میں بنگلور میں ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بیٹے ہیں لیکن بدقسمتی سے اس جوڑی کے درمیان سال 2014 میں طلاق ہوگئی تھی۔