انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں سری لنکا نے پاکستان کو 345 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن کا آٹھواں میچ آج سری لنکا اور پاکستان کے خلاف حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ قومی ٹیم اپنی دوسری جبکہ سری لنکا پہلی جیت حاصل کرنے کیلئے میدان میں اترا ہے۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل ٹھیک ثابت ہوا۔
پاکستان کے فاسٹ باولر حسن علی نے دوسرے اوور میں ہی پاکستان کو بڑی وکٹ لے کر دی۔ سری لنکا کے اوپننگ بلے باز کسال پریرا 6 رنز بنا کر حسن علی کی گیند کا شکار ہوئے۔
سری لنکا کے اوپننگ بلے باز پاتھم نسانکا نے 59 گیندوں پر شاندار نصف سنچری بنائی۔ شاداب خان نے اپنے دوسرے اوور کی دوسری گیند پر پارٹنر شپ توڑ کر پاتھم نسانکا کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
سری لنکا کی جانب سے کسال پریرا نے 77 گیندوں پر 122 جب کہ سدیرا نے 88 گیندوں پر 108 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کی طرف سے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، اوپننگ بلے باز فخر زمان کی جگہ عبد اللہ شفیق کو موقع دیا گیا ہے۔
ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو پاکستان نیدرلینڈز کے خلاف اپنا پہلا میچ جیتنے کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ دوسری طرف سری لنکا پہلے میچ میں شکست کے بعد نویں نمبر پر ہے۔