لندن: برطانیہ کے اپوزیشن لیڈر اور لیبر پارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر پر دوران ِ خطاب چمکدار مواد پھینک دیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق لیور پول میں لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس میں کیئر اسٹارمر اسٹیج پر خطاب کر رہے تھے کہ مظاہرین میں ایک شخص نے پیچھے سے اسٹیج پر آ کے ان پر نیلے اور سبز رنگ کا چمکیلا مواد پھینک دیا۔
کیئر اسٹارمر پرگلیٹر پھینکنے والے شخص نے سٹارمر پر چمک پھینکی تو مظاہرین نے چیخ کر کہا ‘حقیقی جمہوریت شہریوں کی قیادت میں ہے۔ سیاست کو اپ ڈیٹ کی ضرورت ہے. ہم بحران میں ہیں، ہم بحران میں ہیں، ہمارا پورا مستقبل خطرے میں ہے۔’
چمکدار مواد پھینکے جانے کے بعد سرکیئر اسٹارمرنے اپناکوٹ اتار کر اور شرٹ سے گلیٹر جھاڑ کر دوبارہ خطاب شروع کر دیا۔
لیبر پارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ ایسی چیزیں انہیں متاثر نہیں کرتیں کیونکہ ایسا کرنے والے انہیں جانتے ہی نہیں۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ 28 سالہ شخص کو حملہ کرنے، امن کی خلاف ورزی کرنے اور اس واقعے کے بعد عوامی پریشانی پیدا کرنے کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔