اسلام آباد: ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران راولپنڈی میں 44 نئے جبکہ پنجاب میں 173 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 818 ہو گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق 4 ڈینگی کے مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور مجموعی طور پر 97 ڈینگی کے کنفرم مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سیزن میں ابتک 1 ہزار 721 کنفرم مریض ہسپتالوں سے ڈسچارج ہوچکے ہیں۔
سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان کے مطابق رواں سال پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈینگی کے 6ہزار 68 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔
سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی جانب سے دیئے گئے اعدادو شمار کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 71 نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 2 ہزار 387 تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے۔
سیکرٹری ہیلتھ علی محمد جان نے بتایا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 55 مریض زیر علاج ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے تقریباً 137مریض زیر علاج ہیں۔