کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے شہر کے مضافاتی علاقے گڈاپ ٹاون میں کارروائی کے دوران سیب سے بھرے ٹرک سے 168 کلوگرام چرس تحویل میں لے لی.
ترجمان اے این ایف کے مطابق 3 کارروائیوں کے دوران 208 کلو منشیات برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا، گڈاپ ٹاؤن خفیہ اطلاع پرکارروائی کے دوران بلوچستان سے کراچی منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ کارروائی کے دوران سیب سے بھرے مال بردار ٹرک سے 168 کلو گرام چرس برآمد کی گئی، برآمدہ چرس ٹرک کے ڈیزل ٹینک میں بنائے گئے خُفیہ خانے میں چھپائی گئی تھی۔
اے این ایف کے مطابق دوران کارروائی قلعہ عبداللہ کا رہائشی ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے کارسے 40 کلو گرام چرس برآمد کی گئی، دورانِ کارروائی کوئٹہ کا رہائشی مُلزم گرفتار کرلیاگیا۔