ممبئی: بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کے مداحوں کا بالآخر انتظار ختم ہوگیا ہے کیونکہ یش راج فلمز نے اپنی بلاک بسٹر اسپائے یونیورس کی نئی فلم ’ٹائیگر3‘ کا ٹریلر جاری کردیا ہے۔
جاسوس ایجنٹ سلمان خان کی نئی آنے والی فلم ’ٹائیگر3‘ منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلموں میں سے اب تک کی بہترین فلم ہوگی اور سب کی نظریں اس فلم کی ریلیز پر ہیں۔
سلمان خان کے مداح ‘ٹائیگر 3′ سے جُڑی ہر خبر پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں اور آج فلم کے ٹریلر نے مداحوں کو خوش کردیا ہے۔
یش راج فلمز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ‘ٹائیگر3′ کے ٹریلر کا ایک مختصر ویڈیو کلپ پوسٹ کیا گیا ہے جس میں سلمان خان اور کترینہ کیف ایکشن میں نظر آئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس فلم میں کترینہ کیف زویا نامی جاسوس کا کردار ادا کریں گی، فلم میں سلمان خان اور کترینہ کیف کا ایک بیٹا بھی ہوگا اور وہ اپنے ملک کے خلاف جنگ لڑیں گے کیونکہ اُن کا ملک ٹائیگر کے خاندان کے خلاف کھڑا ہوگا۔
واضح رہے کہ میگا ایکشن اور تھرلر فلم میں سپر اسٹار سلمان خان، کترینہ کیف اور عمران ہاشمی نظر آئیں گے اور اسے دیوالی کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔
ٹائیگر فرنچائز کی یہ تیسری فلم ہے اور اس سے قبل 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ ریلیز کی جاچکی ہے۔
یش راج فلم کی اسپائے یونیورس بالی وڈ کی بلاک بسٹر سیریز بن چکی ہے جس میں ہریتھک روشن کی ’وار‘ اور شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ ہندی سینما میں دھوم مچا چکی ہے۔