رطانیہ: اداکارہ ٹلڈا سونٹن، اسٹیو کوگن اور چارلس ڈانس سمیت برطانیہ کے 2 ہزار سے زائد فنکاروں نے ‘یوکے آرٹس اینڈ کلچر’ کی عالمی پٹیشن پر دستخط کیے ہیں جس میں غزہ پر اسرائیل کی ناکہ بندی اور بمباری کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی فنکاروں نے خط میں لکھا کہ ‘ہم ایک جرم اور ایک تباہی کا مشاہدہ کر رہے ہیں، اسرائیل نے غزہ کے زیادہ تر حصے کو ملبے میں تبدیل کر دیا ہے، اور لاکھوں فلسطینیوں کو پانی، بجلی، خوراک اور ادویات کی فراہمی سے محروم کردیا ہے’۔
خط میں لکھا گیا کہ ‘غزہ پر ہزاروں کی تعداد میں ہوائی، سمندری اور زمینی بمباری کی گئی، اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں کو اسلحے کے زور پر اُن کے اپنے گھروں سے بے دخل کردیا، اسرائیل نے فلسطینیوں سے تمام حقوق چھین لیے ہیں اور عالمی برادری اسرائیل کی درندگی پر خاموش ہے’۔
فنکاروں نے برطانوی حکومت سے مخاطب ہوتے ہوئے خط میں لکھا کہ ‘ہماری حکومت ناصرف اسرائیل کی جنگی جرائم کو برداشت کر رہی ہے بلکہ ان کی مدد اور حوصلہ افزائی بھی کر رہی ہے، وہ وقت ضرور آئے گا جب ہماری حکومت سے اسرائیل کی حمایت کا حساب لیا جائے گا’۔
خط میں لکھا گیا کہ ‘ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم غزہ پر اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانے والے ظلم کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں’۔
فنکاروں نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہماری حکومت اسرائیل کے اقدامات کے لیے اپنی عسکری اور سیاسی حمایت ختم کرے، ہم فوری طور پر جنگ بندی اور غزہ کے باڈرز کو کھولنے کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ انسانی امداد کسی بھی قسم کی رکاوٹ کے بغیر معصوم فلسطینیوں تک پہنچ ہو سکے’۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب (17 اکتوبر کو) غزہ شہر کے الاہلی عرب اسپتال پر اسرائیلی قوج کی جانب سے فضائی حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
غزہ میں قائم اسپتال اسرائیل کے راکٹ حملے کے بعد ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے جبکہ اطراف میں شدید آگ بھی لگی ہوئی ہے، وزارت صحت کے مطابق اسپتال زخمی اور بیمار مریضوں سے پہلے ہی بھرا ہوا تھا۔