لاہور: مسلم لیگ (ن) کے لاہور مینار پاکستان جلسے میں شرکت کے لیے نواز شریف اسلام آباد سے لاہور پہنچ جہاں سے وہ جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ن لیگ نے اپنے قائد میاں نواز شریف کی چار سال بعد وطن واپسی کی خوشی میں مینار پاکستان پر سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا ہے۔ جلسے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے ن لیگ کے رہنما اپنے اپنے حلقوں سے کارکنوں کا جلوس لے کر پنڈال میں پہنچ رہے ہیں۔ لاہور سمیت مینار پاکستان گراؤنڈ کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے
جلسے میں مریم نواز سمیت متعدد اہم رہنما پہنچ چکے ہیں، جب کہ پارٹی قائد نواز شریف بھی اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے جہاں شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا، بعدازاں وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہی قلعہ پہنچے آج کے جلسے سے نواز شریف اہم خطاب کریں گے۔ شاہی قلعہ سے نواز شریف کو مینار پاکستان تک گاڑی میں بٹھا کر لایا جائے گا ان کی جلسہ گاہ آمد پر 10 سے زائد منٹ تک آتش با زی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
حکومت پنجاب کی جانب سے مینار پاکستان جلسے کے شرکا کے لیے دو فیلڈ اسپتال بھی قائم کیے گئے ہیں۔ 2 بڑے کنٹینرز میں بنائے گئے فیلڈ اسپتال گیٹ نمبر 4 کے باہر کھڑے کیے گئے ہیں ، جہاں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل کا عملہ موجود ہونے کے ساتھ ادویات کی وافر مقدار بھی موجود ہے۔
مینار پاکستان میں چھوٹے طیارے سے پنڈال میں پھول پھینکے جا رہے ہیں، ہیلی کاپٹر کے ذریعے سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔