قومی احتساب بیورو سکھر نے کارروائی کرتے ہوئے ضلع سکھر کے تعلقہ نارا میں 1,312.80 ملین روپے مالیت کی 1094 ایکڑ جنگلات کی اراضی 57 بااثر افراد سے واگزار کرالی۔
سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ کی سی پی نمبر 1115/2009 میں چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب سکھر کوجاری ہدایات کے مطابق نیب سکھر نے جنگلات کی زمین پر تجاوزات، غیر قانونی الاٹمنٹ اور ریکارڈ میں غیر قانونی تبدیلیوں کے معاملات کی چھان بین کی ۔ اس ضمن میں محکمہ جنگلات سکھر کے افسران/ اہلکاروں اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔
تفصیلی انکوائری کے دوران محکمہ ریونیو اور محکمہ جنگلات سے بااثر افراد کے حق میں جنگلات کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے متعلقہ ریکارڈ حاصل کیا گیا۔
نیب سکھر کی ان تھک کوششوں کے نتیجے میں ضلع سکھر کے تعلقہ نارا میں1,312.80 ملین روپے مالیت کی 1094 ایکڑ جنگلات کی اراضی 57 بااثر افراد سے واگزار کرا لی گئی۔
ریونیو حکام نے الاٹمنٹ کے اندراجات کو منسوخ کر دیا ہے جو پہلے پرائیویٹ افراد کے حق میں الاٹ کی گئی تھیں اور مذکورہ جنگلات کی اراضی اب محکمہ جنگلات، حکومت سندھ کے نام حقوق کے ریکارڈ میں درج کر دی گئی ہے۔