بین الاقوامی کھیلوں کی میزبانی کے حوالے سے پاکستان ایک نمایاں حیثیت کا حامل ہے، اسی سلسلے میں پاکستان پانچویں بین الاقوامی ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی میزبانی کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تائیکوانڈو اولمپکس میں خصوصی حیثیت کا حامل ہے۔ جو سرکاری طور پر 213 ممالک میں کھیلا جاتا ہے۔ اس کھیل کی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن 1977 میں ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہوئی۔
پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ وابستگی کے بعد سے تائیکوانڈو نیشنل گیمز اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں جیسا کہ ساؤتھ ایشین گیمز، ایشین گیمز، اسلامک گیمز اور تمام مارشل آرٹ گیمز کا نمایاں حصہ رہا ہے۔
رواں سال پاکستان یکم تا 5 نومبر 2023 تک اسلام آباد میں پانچویں بین الاقوامی ایشین تائیکوانڈو اوپن چیمپئن شپ برائے سینئر پومسے اور کیوروگی کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن نے سال 2021 اور 2022 میں بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کی۔ رواں سال ہونے والی چیمپئن شپ میں 27 ممالک کے ساتھ 26 صوبائی اور ریجنل ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔
تائیکوانڈو کی تاریخ میں پہلی بار” صدر ایشیئن تائیکوانڈو یونین” اس چیمپیئن شپ میں شرکت کریں گے۔ گزشتہ سال لاہور میں ہونے والی چوتھی چیمپئن شپ میں پاکستان کی ٹیم نے تین طلائی، تین چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ مصر نے چھ طلائی، دو چاندی کے تمغے جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
پاکستان نے اولمپک کوالیفکیشن راؤنڈ 2016 میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دو کھلاڑیوں کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔