پی این این: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یومِ اقبال کے موقع پر مصورِ پاکستان ڈاکٹر محمد اقبال کو ان کی خدمات پرخراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت عارف علوی نے اقبال ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ برِصغیر کے عظیم مفکر، فلسفی، شاعر اور سیاسی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، پوری قوم علامہ اقبال کی علمی، فکری اور سیاسی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شاعری اردو زبان کی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتی ہے۔
صدرِ پاکستان کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانانِ برصغیر کو سیاسی جلا بخشی، قوم کو خوابِ غفلت سے جگایا اور اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا جذبہ بیدار کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو موضوع بنایا، خودی کا جذبہ اور عقابی روح بیدار کرنے کا سبق دیا، ان کا فلسفۂ خودی انقلابی حیثیت کا حامل ہے۔