ممبئی: بالی ووڈ سُپر اسٹار سلمان خان اور کٹرینہ کیف کی سب سے زیادہ منتظر جاسوس تھرلر ایکشن فلم “ٹائیگر 3″ اب بڑے پردے پر ریلیز کر دی گئی ہے۔
منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم “ٹائیگر 3″ کو آج دیوالی کے موقع پر ریلیز کردیا گیا ہے، فلم کو تین زبانوں ہندی، تامل اور تیلگو میں ریلیز کیا گیا ہے۔
فلم میں جہاں سلمان خان نے جاسوس ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے تو وہیں کترینہ کیف بھی زویا نامی جاسوس کے کردار میں نظر آئیں جبکہ عمران ہاشمی نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا ہے
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی دیوالی پر ریلیز کے بارے میں سلمان خان نے کہا کہ “دیوالی کے دن فلم کا ریلیز ہونا ہمیشہ ہی خاص ہوتا ہے، میں نے اور کترینہ کیف نے ایسی فلمیں کی ہیں جنہیں بہت سے لوگوں نے پسند کیا ہے، لہٰذا، دیوالی کے موقع پر مداحوں کو “ٹائیگر 3″ کا تحفہ دے کر ہمیں بہت خوشی ہورہی ہے”۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ “میرے لیے دیوالی ہمیشہ سے ہی وہ تہوار رہا ہے جو خاندانوں کو اکٹھا کرتا ہے لہٰذا میں بھی اس دیوالی پر اپنے پورے خاندان کے ساتھ “ٹائیگر 3″ دیکھوں گا”۔
دوسری جانب کترینہ کیف نے کہا کہ “یہ دیوالی بہت خاص ہے کیونکہ یہ میری فلم “ٹائیگر 3″ کی ریلیز کا دن ہے اور سلمان خان کے ساتھ یہ میری پہلی فلم ہے جو دیوالی پر ریلیز ہوئی ہے، مجھے اُمید ہے کہ یہ مداحوں کے لیے دیوالی کا شاندار تحفہ ثابت ہوگا”۔
واضح رہے کہ ٹائیگر فرنچائز کی یہ تیسری فلم ہے اور اس سے قبل 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ ریلیز کی جاچکی ہے۔
یش راج فلم کی اسپائے یونیورس بالی وڈ کی بلاک بسٹر سیریز بن چکی ہے جس میں ہریتھک روشن کی ’وار‘ اور شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ ہندی سینما میں دھوم مچا چکی ہے۔