غزہ کی پٹی میں حماس انتظامیہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ الشفاء اسپتال کے اندر اور سامنے پڑی لاشوں کو دفنانے والا کوئی نہیں ۔
سعودی خبررساں ادارے نے فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ الشفاء ہسپتال کے اندر اور باہر لاشوں کے انبار لگے ہوئے ہیں مگرانہیں دفن کرنے والا کوئی نہیں جبکہ قابض فوج نے اسپتال کا زمینی اور فضائی محاصرہ کرکے ہر حرکت کرنے والی چیز پر فائرنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ الشفاء اسپتال اپنی تمام تر صلاحیتیں ختم ہونے کے بعد کوئی بھی طبی خدمات فراہم کرنے سے قاصر ہے، بجلی مکمل طور پر منقطع ہو چکی اور کمپلیکس کا اسرائیلی ٹینکوں نے محاصرہ کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال کے اردگرد کی صورتحال میدان جنگ میں تبدیل ہو چکی ہے، مریض کمپلیکس میں جن حالات میں ہیں، اسے بیان نہیں کیا جا سکتا۔