چئیرمین مینجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذکاء اشرف 17 نومبر کو بھارت جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) سلمان نصیر اور ذکا اشرف رواں ہفتے بھارت جائیں گے۔ ذکاء اشرف اور سلمان نصیر 19 نومبر کو ورلڈکپ کا فائنل میچ بھی احمد آباد میں براہ راست دیکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے سربراہ کے بھارت جانے کا مقصد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی میٹنگ میں شرکت کرنا ہے۔ آئی سی سی میٹنگ 18 نومبر کو بھارت میں شیڈول ہے۔
دوسری طرف یہ بھی خبریں سامنے آئی ہیں کہ ورلڈکپ 2023 میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ذکا اشرف نے ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور کپتان بابر اعظم کو طلب کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان ٹیم کے باولنگ کوچ مورنی مورکل پہلے ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں۔